نئی دہلی 22 جنوری ( ایجنسیز) سی بی آئی نے آدتیہ برلا گروپ چیرمین کمار منگلم برلا سے ان کی کمپنی ہنڈالکو کو 2005ء میں تالابیرا ۔ II کوئلہ بلاک کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی ہے۔ سی بی آئی کی ایف آئی آر میں بطور ملزم نامزد برلا سے پوچھ تاچھ خصوصی عدالت کے ان سوالات کے بعد ہوئی ہے جو تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے پیش کردہ اختتامی رپورٹ پر کئے گئے اور رپورٹ قبول نہیں کی گئی۔ برلا سے سمجھا جاتا ہیکہ اس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ جو کوئلہ قلمدان کی ذمہ داری بھی سنبھالے ہوئے
تھے، اور اس کیس کے ایک دیگر ملزم اس وقت کے کوئلہ سکریٹری پی سی پارکھ کے ساتھ ان کی ملاقاتوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی۔ ربط پیدا کرنے پر برلا گروپ نے اس تبدیلی پر تبصرہ سے انکار کرتے ہوئے محض اتنا کہا کہ ان سے اختتامی رپورٹ کے ادخال سے قبل پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ سی بی آئی جوائنٹ ڈائرکٹر (پالیسی) آر ایس بھٹی جو میڈیا ریلیشنس کے انچارج ہیں، انہوں نے بھی کسی فون کال یا ایس ایم ایس کا جواب نہیں دیا۔ دریں اثناء ایجنسی نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے پرنسپل سکریٹری ٹی کے اے نائر اور پرائیویٹ سکریٹری بی وی آر سبرامنیم سے بھی اس کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی ہے -